سرینگر: بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں بارودی سرنگ دھماکے میں 2 بھارتی پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کے نیم فوجی دستے اسٹیٹ ٹاسک فورس، ڈسٹرکٹ ریزرو گروپ، کمانڈو بٹالین فار ریزولوٹ ایکشن اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مشترکہ ٹیم شورش زدہ ریاست چھتیس گڑھ میں نکسل باغیوں کے خلاف آپریشن کیا۔
سیکیورٹی آپریشن کے بعد واپسی پر بھارتی نیم فوجی دستے کی گاڑی زوردار دھماکے میں تباہ ہوگئی جس کے نتیجے میں چیف کانسٹیبل بھرت لال ساہو اور کانسٹیبل ستار سنگھ ہلاک ہوگئے۔
دھماکے میں پروشوتم ناگ، کومل یادو، سیارام سوری اور سنجے کمار شدید زخمی ہیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دو اہلکاروں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بھارتی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ پائپ بم دھماکا لگتا ہے جسے زیر زمین چھپایا گیا تھا اور ممکنہ طور پر سیکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی اس پر سے گزر گئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی آئی ای ڈی بم دھماکے میں سینٹرل ریزرو پولیس کے 2 اہلکار سمیت کمانڈو بٹالین فار ریزولوٹ ایکشن کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا تھا۔