چینی کمپنی یوٹونگ کا کراچی میں بس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا فیصلہ

کراچی: دنیا کی سب سے بڑی بس ساز کمپنی یوٹونگ نے کراچی میں انٹرا سٹی اور ای وی بسز کا پلانٹ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے عوام کے لیے بہت بڑی خوش خبری سامنے آئی ہے، دنیا کی سب سے بڑی بس ساز کمپنی یوٹونگ مشرق وسطیٰ کے سی ای او اور دیگر حکام نے کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے جولائی 2022ء میں دی گئی دعوت پر یوٹونگ کمپنی نے کراچی میں پلانٹ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ یوٹونگ کی جانب سے کراچی میں پلانٹ لگانے کا کام تین ماہ کے اندر شروع ہو جائے گا، پلانٹ کا کام اگلے سال مکمل ہو جائے گا، یوٹونگ کی انٹراسٹی اور الیکٹرک بسز اب کراچی میں بنیں گی، پلانٹ میں ای وی بسز اور ہائبرڈ ڈیزل بسز تیار کی جائیں گی۔

صوبائی وزیر کے مطابق پلانٹ لگنے سے صنعتوں کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، کراچی میں بسز کی تیاری سے پاکستان کا زرمبادلہ بھی بچے گا، بسوں کی ایکسپورٹ سے پاکستان کو بھی فائدہ ہوگا۔