چین؛ شاپنگ سینٹر میں آتشزدگی میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی

بیجنگ: چین کے 14 منزلہ شاپنگ سینٹر میں لگنے والی خوفناک آگ پر قابو پالیا گیا تاہم امدادی کارروائیوں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کچھ افراد علاج کے دوران اسپتال میں دم توڑ گئے۔

چین کی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں آج مزید 10 افراد دم توڑ گئے۔ گزشتہ روز ہلاکتوں کی تعداد 6 تھی۔ اس طرح مجموعی تعداد 16 ہوگئی۔

امدادی کاموں کے دوران 30 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ اسپتال میں زیر علاج جھلسے ہوئے افراد میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ عمارت کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔

تاحال آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا تاہم چین میں حفاظتی تدابیر کے کمزور معیارات کی وجہ سے عمارتوں میں آگ لگنا عام ہے۔ جنوری میں ایک اسٹور میں آگ لگنے سے درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جنوری میں ہی ایک رہائشی عمارت میں آتشزدگی میں 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ اسکول کے ایک ہاسٹل میں لگنے والی آگ میں 13 بچے ہلاک ہوگئے تھے۔