Italy Fire

اٹلی میں ریکارڈ درجہ حرارت، ہیٹ ویو سے 5 افراد ہلاک

اپولیا: اٹلی میں درجہ حرارت میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا اور ہیٹ ویو کے نتیجے میں دو روز کے اندر 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں گزشتہ دو روز کے دوران ہیٹ ویو سے کم از کم 5 افراد ہلاک ہوئے اور درجہ حرارت میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔

مقامی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوبی اپولیا ریجن میں ہیٹ ویو سے ہلاک ہونے والے 4 افراد کی عمریں 70 سے 82 برس کے درمیان تھیں، اٹلی میں اب تک گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ اپولیا ہے۔

حکام نے 10 جولائی کو قانون نافذ کیا تھا کہ 31 اگست تک دوپہر میں تعمیرات اور گارڈن سینٹرز کے کام پر پابندی ہوگی۔

اطالوی خبرایجنسی اے این ایس اے کے مطابق ہیٹ ویو سے پانچویں ہلاکت روم کے قریبی ریجن وسطی لیزیو میں ہوئی جہاں 68 سالہ شہری کو مرکزی شہر کے مضافات میں سڑک پر مردہ حالت میں پایا گیا اور ان کی موت کی وجہ گرمی کے باعث دل کا دورہ پڑنا بتایا گیا۔

لیزیو کے محکمہ صحت نے مرکزی وزارت صحت کے ساتھ رابطے کے بعد پانچوں صوبوں میں 17 جولائی تک انتہائی گرم موسم کی پیش گوئی کی اور اسی دوران وزارت صحت 15 جولائی سے 17 جولائی کے دوران 12 سے زائد شہروں میں گرمی کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کر دیا تھا۔

اٹلی کے 4 مراحل پر مشتمل الرٹ سسٹم کے نوٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ ہیٹ ویو سے خطرات صرف بیمار شہریوں تک محدود نہیں ہیں۔

ہیٹ ویو کی وجہ سے لیزیو، اپولیا، جنوبی کیلیبریا اور سسلی مین جنگلات پر آگ بھی لگی تھی، سوک پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ نے 14 جولائی کو رپورٹ کیا تھا کہ قومی سطح پر طیاروں نے 19 ایمرجنسی آپریشنز کیے اور اور اس سے قبل 12 جولائی کو 16 آپریشنز کیے گئے تھے۔