PTI

ان نااہلوں کو اپنی باتوں کے نتائج کا علم نہیں، شبلی فراز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے حکومتی پریس کانفرنس کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان نااہلوں کو اپنی باتوں کے نتائج کا علم نہیں ہے۔ افسوس اس بات کا ہے ملک کا کسی کو خیال نہیں۔

پارٹی پر حکومت کی جانب سے پابندی لگانے کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں دیکھنے کی کوئی چیز نہیں، بس سننے کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کو روکنے کا کوئی اور طریقہ کامیاب نہ ہوا۔ یہ پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگا کر بھی دیکھ لیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ منفی سوچ والی یہ خود کو جمہوری پارٹیاں کہتی ہیں، پیپلز پارٹی کے لیے وقت ہے کہ وہ خود کو بھٹو کی پارٹی ثابت کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک کو مزید انتشار کی جانب لے کر جانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایسا کوئی بھی فیصلہ ایک دم سیاسی عدم استحکام پیدا کرے گا۔

پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد حکومت کو باضابطہ جواب دیں گے۔