Sindh Government

سندھ حکومت کا محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں، عمارتیں ایک ماہ میں خالی کروانے کا فیصلہ

کراچی: سندھ کی حکومت نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینیں اور عمارتیں ایک ماہ میں خالی کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ( ایس ایم ٹی اے ) بورڈ کا 12واں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی عمارتیں اور زمینیں ایک ماہ میں خالی کروانے کی منظوری دی گئی۔ ایس ایم ٹی اے بورڈ کی جانب سے ڈویژنل سطح پر ایس ایم ٹی اے کے دفاتر کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ ایس ایم ٹی اے میں کانٹریکٹ پر مقرر ملازمین کے کانٹریکٹس میں توسیع ایچ آر کمیٹی سے مشروط کر دی گئی۔ بورڈ اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی کے لاٹ ون اور لاٹ ٹو کے کانٹریکٹس کے اجراع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے تمام پروجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہتی ہے۔ نگراں دور حکومت میں بی آر ٹی منصوبوں پر کام روک دیا گیا تھا جس کی وجہ سے منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔

اجلاس میں جام صادق پل پر جاری ترقیاتی کام، یلو لائن کے لئے ڈیپو اور ای وی پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ای وی پالیسی پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ اور وزارت توانائی سے رجوع کرکے آئندہ بورڈ اجلاس میں رپورٹ جمع کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔