PTI Supreme Court of Pakistan

پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 13 رکنی فل کورٹ فیصلہ سنا رہا ہے۔

فل کورٹ میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی شامل ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ فیصلہ 8 کی اکثریت کا ہے، جو جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا ہے، جسٹس منصور علی شاہ سے کہوں گا کہ وہ فیصلہ سنائیں۔

جس کے بعد جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہکا کہ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نشان کا نہ ملنا کسی سیاسی جماعت کو انتخابات سے نہیں روکتا، پاکستان تحریکِ انصاف ایک سیاسی جماعت تھی اور ہے۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کے حصول کی حق دار ہے، تحریکِ انصاف اس فیصلے کے 15 روز میں اپنے مخصوص افراد کی نشستوں کے نام کی فہرست دے۔

سپریم کورٹ نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دے دیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب، خیبر پختون خوا اور سندھ میں مخصوص نشستیں پی ٹِی آئی کو دے دی جائیں۔

سپریم کورٹ نے تحریکِ انصاف کو پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں بطور پی ٹی آئی قرار دے دیا۔

سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کے مطابق فیصلہ لائیو نشر کیا جا رہا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے اس حوالے سے کاز لسٹ جاری کی گئی تھی۔

فیصلہ سنانے سے قبل سپریم کورٹ کا کمرہ نمبر 1 کھول دیا گیا ، فل کورٹ بینچ کے لیے کمرۂ عدالت میں 13 کرسیاں لگا دی گئی تھی۔

فیصلہ سنائے جانے کے وقت اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر، آزاد امیدواروں کے وکیل سلمان اکرم راجہ کمرۂ عدالت میں موجود ہیں۔

سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے رواں برس 21 فروری کو الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی۔

28 فروری کو الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ کیا۔

4 مارچ کو الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست پر 1-4 کے تناسب سے فیصلہ سنایا۔

6 مارچ کو سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

14 مارچ کو پشاور ہائی کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے لیے دائر درخواستیں خارج کر دیں۔