سول ایوی ایشن کا تیز ترین امیگریشن کیلیے ہوائی اڈوں پر ’ ای گیٹس‘ نصب کرنے کا فیصلہ

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پرمسافروں کی تیز ترین امیگریشن کے لیے ’’ ای گیٹس‘‘ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

سی اے اے نے ملکی بین الاقوامی ہوائی اڈوں پرمسافروں کی سہولت کے لیے ای گیٹس کی تنصیب کے لیے ٹینڈرجاری کردیا،اس تناظرمیں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے 13 اگست تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

مذکورہ درخواستیں انٹرنیشنل بارڈر کنٹرول سسٹم سروس مہیا کرنے والی کمپنیوں سے مانگی گئی ہیں، ای گیٹس بارڈرکنٹرول سسٹم پہلے مرحلے میں کراچی،لاہوراوراسلام آباد ایئرپورٹ پر نصب کیے جائیں گے۔

سی اے اے حکام کے مطابق ای گیٹس لگنے سے مسافروں کو تیز ترین امیگریشن سروس مہیا ہوسکے گی۔

مسافروں کو پاسپورٹ ای گیٹس پر اسکین کرنے ہوں گے،اس سے امیگریشن میں وقت بچے گا جبکہ اس منصوبے کے فعال ہونے کے بعد امیگریشن کے لیے لمبی قطاروں سے بھی مسافروں کی جان چھوٹ جائے گی۔