وزیراعلیٰ مریم نواز کے حکم پر پنجاب میں ماہانہ اجرت 37 ہزار مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری

پنجاب حکومت نے ورکرز اور لیبر کی کم سے کم ماہانہ اجرت 37 ہزار روپے مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر مزدور کی کم از کم اجرت 32000 روپے سے بڑھا کر 37000 روپے ماہانہ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے دیہاڑی دار غیر ہنر مند مزدوروں کو کم سے کم اجرت کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں خاص طور سے واضح کیا گیا ہے کہ یومیہ 8 گھنٹے کام کرنے کی یومیہ تنخواہ 1423 روپے07 پیسے تصور ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رواں بجٹ میں کم از کم اجرت 37 ہزار روپے مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا، صوبے کے ہر مزدور کے حقوق کا تحفظ ہماری زمہ داری ہے۔ وزیراعلی نے ماہانہ اجرت پر عملدر آمد کیلیے اسٹیک ہولڈرز کو فوری طور پر اعتماد میں لے کے کم از کم اجرت نافذ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ ہر ورکر کو پوری اجرت نہ ملنا تکلیف دہ امر ہے جبکہ گھریلو ملازمین پر لیبر قوانین کا نفاذ نہ ہونا افسوس ناک ہے، ورک پلیس پر ایس او پیز اور ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔