Summer Weather

کراچی میں سمندری ہوائیں بند، حبس کی صورتحال برقرار

کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد سمندری ہوائیں بند ہیں جس کے باعث حبس کی صورتحال برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں مغربی سمت سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ دوپہر کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔

کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے تاہم ہوا میں نمی کا تناسب زائد رہنے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔

شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے۔

گزشتہ روز، بحیرہ عرب سے آںے والے مون سون سسٹم کے تحت کراچی میں بادل جم کر برسے جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئی تھی تاہم رات کے وقت شہر میں حبس ہوگیا جو تاحال برقرار ہے۔

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ 59.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ڈی ایچ اے فیز 2 میں سب سے کم 0.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔