روس سے لائی گئی 5 ہزار ٹن گندم پورٹ سے ریلیز نہ کرنے پر حکومت سے جواب طلب

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے روس سے لائی گئی 5 ہزار ٹن گندم پورٹ سے ریلیز نہ کرنے کے خلاف درخواست پر آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔

روس سے درآمد شدہ 5 ہزار ٹن گندم کراچی بندرگارہ سے ریلیز نہ کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ میں ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ ہماری کمپنی کو 28 مارچ 2024ء کو روس سے گندم امپورٹ کرنے کی اجازت دی گئی تھی، 5 ہزار ٹن گندم کے 19 جہاز پورٹ پر کھڑے ہیں لیکن وفاقی حکومت گندم پورٹ سے ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دے رہی، روس سے درآمد گندم پورٹ پر خراب ہورہی ہے، گندم خراب ہونے سے ہمارا کروڑوں روپے کا نقصان ہوجائے گا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی گئی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی۔