محرم الحرام کے جلوس و مجالس کی ڈرون کوریج پر پابندی کا فیصلہ

محرم الحرام کےجلوس اور مجالس کی ڈرون کوریج پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے، انٹرنیٹ یا موبائل فون بندش کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت محرم میں امن و امان سے متعلق اجلاس میں تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان ، اسلام آباد میں سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، زمینی حقائق، سیکیورٹی صورت حال کے مطابق فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے، گزشتہ برس پنجاب میں محرم کے دوران انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بند نہیں کی تھی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے، امن عامہ کیلئے صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے اسلام آباد کے داخلی، خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں، مجالس کی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی پر بھرپور توجہ دی جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں چہلم تک سیاسی اجتماعات، جلسے جلوسوں پر پابندی رہے گی۔

وزیر داخلہ نے بارشوں کے پیش نظر جلوسوں اور مجالس کے لیے پیشگی پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی۔