Palestinian Youths Killed in Gaza

مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی ایک گھر پر بمباری؛ 4 فلسطینی جانباز شہید

جنین: مغربی کنارے کے علاقے جنین میں قابض اسرائیلی فوج نے چھاپا مار کارروائی کے دوران 4 فلسطینی نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کردیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنین کے پناہ گزین کیمپ میں گھر گھر تلاشی لی اور ایک گھر کے دروازے کو دھماکا خیز مواد سے اُڑایا اور پھر اندر داخل ہوکر اندھادھند فائرنگ کردی۔

اسرائیلی فوج کی جانب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کارروائی کے لیے جنین کے پناہ گزین کیمپ میں داخل ہوئی تو ایک گھر میں موجود گھات لگائے مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔

اسرائیلی فوج کے بقول کئی گھنٹوں جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے بعد اسرائیلی فوج کے ایک طیارے نے بمباری کرکے اس گھر کو تباہ کردیا جس میں چاروں حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

فلسطین کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی عمریں 18 سے 22 سال کے درمیان ہیں اور ان کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔

جہاد اسلامی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے نوجوان فلسطینی جاںباز تھے۔