American Congress

امریکی ایوان نمائندگا کی قرارداد کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے امریکی ایوان نمائندگا کی قرارداد کے خلاف قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی اور امریکی قرارداد کا نوٹس لیا گیا اور قرار دیا گیا یہ پاکستان کے انتخابی عمل سے مکمل طور پر لاعلمی کا مظہر ہے۔

حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے امریکی ایوان نمائندگان کی پاکستان کے بارے میں منظور کی گئی حالیہ قرارداد پر قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پیش کی۔

انہوں نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایوان نے امریکا کے ایوان نمائندگان کی جانب سے 25 جون کو پاکستان کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد کا نوٹس لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے اندرونی معاملات میں اس طرح کی مداخلت نامناسب ہے، یہ کسی صورت عالمی طاقتوں کو زیب نہیں دیتا کہ کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرے۔

اپوزیشن کی جانب سے شور شرابے پر شائستہ پرویز ملک نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ساری دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ہمیں اس کی مذمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں شرم آتی ہے کہ اس وقت پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہو رہا ہے اور یہ لوگ اس حملے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، مجھے افسوس ہے کہ آج ہمارے ملک کے اندرونی معاملات پر بیرونی طاقتیں مداخلت کر رہی ہیں، ہمیں ان طاقتوں کی روک تھام کرنی ہوگی۔