کراچی میں اموات بڑھ گئیں، ایک ہفتے میں 542 میتیں سرد خانے منتقل

کراچی: کراچی میں ایک ہفتے کے دوران شہریوں کی پُراسرار اموات میں اضافہ ہوگیا ہے اور اس دوران ایدھی و چھیپا کے سرد خانوں میں 542 میتیں منتقل کی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ یا وجہ کچھ اور ؟ گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران ایدھی کے 3 سرد خانوں میں 526 میتیں لائی گئیں ہیں۔جن کو ورثاء نے ایدھی سردخانوں میں عارضی طور پررکھوایا اور بعدازاں غسل و کفن کا عمل مکمل کرنے کے بعد اہلخانہ کے حوالے کردیا گیا۔

ان افراد کی موت کی حتمی وجہ کے بارے میں ایدھی حکام کو واضح معلوم نہیں ہے۔ایدھی کے سربراہ کے فیصل ایدھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ کراچی میں گزشتہ ایک ہلاکتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا یے، ایک ہفتہ کے دوران مختلف وجوہات کی بناء پر 526 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ان میتوں کو ورثا نے ایدھی کے تین سرد خانوں میں عارضی طور پر رکھوایا، اور غسل و کفن کے عمل کے لیے لائے جہاں یہ عمل مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثا لے کر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سردخانوں میں عموما روزانہ 30 سے 40 میتیں لائی جاتی ہیں ۔گذشتہ کچھ روز سے روزانہ 100 سے 140 میتیں ایدھی سردخانوں میں لائی جارہی ہیں۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان میں کئی افراد ممکنہ طور پر گرمی کی شدت اضافہ کی وجہ سے جاں بحق ہوسکتے ہیں تاہم یہ حتمی نہیں ہے۔ شہر میں اس وقت گرمی کی شدت میں بہت اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ ، گرمی کی شدت میں اضافے سے پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد بہت زیادہ متاثر ہیں ان مسائل کی وجہ سے لوگ متاثر ہورہے ہیں ۔ ان تمام افراد کی شناخت موجود ہے۔

انہوں نے اعداد شمار بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران لائی گئی لاشوں میں 4گناہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔پیر کو86 افراد کی لاشیں سرد خانے لائی گئیں۔23 جون کو 140 افراد کی میتیں سرد خانے منتقل کی گئیں۔22 جون کو 90 لاشیں سرد خانے لائی گئیں۔21 جون کو 79 افراد کی لاشیں میت خانے لائی گئیں۔ 20 جون کو 61 اور 19 جون کو 70 لاشیں منتقل کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کسی قسم کے آپریشن کا ذکر نہیں ہوا، وزیراعلیٰ کے پی

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ کراچی میں پیر کو 4 افراد ہیٹ ویو سے ہلاک ہوئے ہیں ان میں دو کی میتیں جناح اسپتال اور دو کی میتیں سول اسپتال لائی گئیں ہیں۔ واضح رہے کہ ایدھی کے تین سرد خانے موسی لائن ،سہراب گوٹھ اور کورنگی میں موجود ہیں۔

اُدھر چھیپا کے ترجمان نے بتایا کہ دو روز کے دوران 16 لاشیں لائیں گئیں، جن کو سڑکوں سے اٹھایا گیا تھا۔