خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ صالح الشیبی انتقال کر گئے

خانہ کعبہ کے کلید بردار (چابی کے محافظ) ڈاکٹر شیخ صالح الشیبی انتقال کرگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’حرمین‘ کی جانب سے خانہ کعبہ کے کلید بردار کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ خانہ کعبہ کے 109ویں کلید بردار اور صحابی عثمان بن طلحہ رضی اللہ عنہ کے جانشین انتقال کر گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ڈاکٹرشیخ صالح الشیبی کی نمازِ جنازہ نمازِ فجر کے بعد مسجد الحرام میں ادا کی گئی اور انہیں المولا قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کعبہ کی چابی اس کا دروازہ بدلنے کے باوجود تبدیل نہیں ہوتی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وصیت کے مطابق خانہ کعبہ کا اگلا کلید بردار بھی الشیبی خاندان سے ہوگا اور رہے گا۔