این ڈی ایم اے اپنے نظام کو وسعت دیتے ہوئے صوبوں کو بھی شامل کرے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب آنے پر این ڈی ایم اے نے بہت اہم کردار ادا کیا، این ڈی ایم اے کو جو وسائل درکار ہوں گے وہ فراہم کریں گے۔

یہ بات انہوں ںے این ڈی ایم اے کے پروجیکٹ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے سبب سندھ سب سے زیادہ متاثرہوا جب کہ سیلاب کی وجہ سے پنجاب کے کچھ اضلاع اور خیبر پختون خوا میں بھی تباہی ہوئی، سیلاب کے خلاف امدادی کاموں میں صوبوں کے شانہ بشانہ وفاق نے سب سے زیادہ حصہ شامل کیا اور امدادی کاموں پر سو ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی وجہ سے پاکستان کو جو نقصان پہنچا اس کا ازالہ آئندہ کئی سال میں بھی نہ ہوسکا، سیلاب کی وجہ سے ملک کو 30ارب ڈالر کا نقصان ہوا، این ڈی ایم اے کا امدادی نظام دیگر شعبوں کیلئے رول ماڈل ہے جس نے سیلاب کا سامنا کیا اس کا موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سسٹم قابل تعریف ہے، این ڈی ایم اے کو جو آلات درکار ہیں بتائے انہیں فراہم کریں گے اسے تمام تر وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

شہباز شریف نے تجویز دی کہ این ڈی ایم اے اپنے سسٹم کو مزید وسعت دے اور اس میں باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے صوبوں کو شامل کرے تاکہ مصبیت کے بوجھ کو کم سے کم کیا جاسکے