PTI

خیبر پختونخوا پولیس کا گرڈ اسٹیشنز میں گھسنے والوں پر مقدمات درج کرنے کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختون خوا پولیس نے پیسکو تنصیبات پر حملہ کرنے یا گرڈ اسٹیشنز میں زبردستی گھسنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

خیبرپختون خوا اور وفاقی حکومت میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے تنازع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے خود گرڈ اسٹیشن میں گھس کر بجلی بحال کرادی اسی طرح ایم پی اے فضل الہی نے بھی کیا، وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ تمام منتخب نمائندگان ایسا ہی کریں تاہم پولیس نے ایسا کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس نے متھرا میں زبردستی گرڈ اسٹیشن میں داخل ہوئے بلدیاتی نمائندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔ یہ مقدمہ تھانہ متھرا میں درج کیا گیا ہے جس میں تحریک انصاف کے تحصیل متھرا کے چیئرمین انعام اللہ اور درجنوں ساتھیوں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کی دفعات عائد کی گئی ہیں.