ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں پانچ دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: ضلع خیبر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں پانچ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا،اس دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا گیا جس کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے جبکہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔