Tax

جب نان فائلرز پر ٹیکس لگاتے ہیں تو فائلرزاُنہیں بچانے آجاتے ہیں، چیئرمین ایف بی آر

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر نان فائلرز سے متعلق بہت سے لطیفے چل رہے ہیں، چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ہماری پالیسی ہے کہ نان فائلرز سے ٹیکس لیں گے، جب نان فائلرز پر ٹیکس لگاتے ہیں تو فائلرز اُنہیں بچانے آجاتے ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا سلیم مانڈوی والا کی زیر صدرات ہونے والے اجلاس میں قومی اقتصادی بجٹ2024-25 کی تجاویز اور سفارشات کا جائز ہ لیا گیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نان فائلرز پر بات ہوئی تو فاروق نائیک نے ریمارکس دیئےکہ سوشل میڈیا پر نان فائلرز سے متعلق بہت سے لطیفے چل رہے ہیں، لوگ نان فائلرز کیلئے الگ قبرستان بنانے کا مشورہ دے رہے ہیں، فاروق ایچ نائیک کے ریمارکس پر قائمہ کمیٹی اجلاس میں قہقہے لگ گئے۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) امجد زبیر ٹوانہ کا اجلاس میں کہنا تھا کہ ہماری پالیسی ہے کہ نان فائلرز سے ٹیکس لیں گے، زیادہ ٹیکس دے کر بھی نان فائلرز کو کھلی چھٹی نہیں ہے، نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، جب نان فائلرز پر ٹیکس لگاتے ہیں تو فائلرز اُنہیں بچانے آجاتے ہیں۔

محسن عزیز کا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نان فائلر کی بات پر کہنا تھا کہ بغیر ٹیکس ڈالرز کی بیرون ملک منتقلی سے ملک کو نقصان ہوا، نان فائلرز پر اضافی ٹیکس نے بھی ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔