Islamabad High Court

شاعر احمد فرہاد جیسا ایک اور کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں آ گیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری خواجہ خورشید کی بازیابی کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے مسنگ پرسن کی اہلیہ کی درخواست پر احکامات جاری کیے۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہری خواجہ خورشید 7 جون سے لاپتہ ہیں، جس کا ان کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔

عدالت نے سوال کیا کہ یہ راولپنڈی سے لاپتہ ہوئے ہیں؟

وکیل نے جواب دیا کہ انہیں جی 13 اسلام آباد بلایا گیا تھا، وہاں سے کوئی اٹھا کر لے گیا، یہ بھی احمد فرہاد کی طرح کا کیس ہے۔

عدالتِ عالیہ نے سیکریٹری داخلہ اور سیکریٹری دفاع کو نوٹس جاری کیے ہیں کہ سیکریٹریز معاملے پر آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے سے معلومات لے کر رپورٹ پیش کریں۔

عدالت نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ سیکریٹری دفاع راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے سیکٹر کمانڈرز سے بھی اس حوالے سے رپورٹ لے کر آگاہ کریں۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ عید کے بعد ایک ورکنگ ڈے دے رہے ہیں تاکہ آئندہ سماعت پر رپورٹ آ جائے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ رپورٹ آنے دیں، رپورٹ کے بغیر کوئی آرڈر نہیں کر سکتے۔

عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 21 جون تک ملتوی کر دی۔