Police Mobile

کراچی: پان کی دکان میں ڈکیتی، ڈی ایس پی کو بیٹے سمیت حراست میں لے لیا گیا

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں پان کی دکان میں ڈکیتی کے واقعے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) ظفر اور اس کے بیٹے سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والی موبائل ڈی ایس پی لیگل ظفر جاوید کے زیر استعمال تھی۔

ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کی جا رہی ہے، آج صبح ڈکیتی کا مقدمہ پان شاپ مالک شاہ زیب کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں استعمال پولیس موبائل تحویل میں لے لی، اب تک کی تحقیقات میں ڈی ایس پی کا بیٹا اور اس کے ساتھی ملوث پائے گئے، دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق 2 جون کو 3 افراد نے دکان سے 7 ہزار روپے لوٹے تھے، 12 جون کو دوبارہ رات 11 بجے پولیس موبائل پر 3 افراد نے واردات کی، ملزمان نے 50 ہزار روپے کے مختلف اقسام کے سگریٹ اور 15 ہزار روپے لوٹے۔

متاثرہ دکاندار نے کہا کہ دکان سے لوٹ مار کے بعد مجھے پولیس موبائل میں بٹھایا گیا، گلشن چورنگی پر جیب سے بھی 10 ہزار روپے نکال لیے اور موبائل سے اتارا گیا، پولیس موبائل کی پچھلی نمبر پلیٹ نہیں تھی۔