National Assembly of Pakistan

حکومت نے کئی چیزوں کو مصنوعی طریقے سے بڑھایا، عمر ایوب

حکومت نے کئی چیزوں کو مصنوعی طریقے سے بڑھایا، عمر ایوب
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ حکومت نے کئی چیزوں کو مصنوعی طریقے سے بڑھایا ہے۔

قومی اسمبلی میں گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ 2 اعشاریہ 38 فیصد رہی ہے، پچھلے سال انہوں نے کہا گروتھ ریٹ مثبت ہے لیکن بعد میں منفی نکلی۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کا حال یہ ہے کہ سرمایہ کاری سب سے کم آئی ہے، حکومت نے کئی چیزوں کو مصنوعی طریقے سے بڑھایا ہے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ زراعت کے حالات یہ ہیں کہ گندم کی فصل خراب ہو رہی ہے، حکومت گندم لینے کے لیے تیار نہیں، سب سے زیادہ پنجاب متاثر ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ چاول کا بحران آنے والا ہے، افراط زر میں کمی نہیں آئی، کوئی بھی سیکٹر حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں لیکن عوام کو فائدہ نہیں پہنچا، درآمدات کو روک کر رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر 275 روپے پر مصنوعی طور پر رکھا گیا ہے، حکومت بجلی پیدا ہی نہیں کر رہی، 5 سے 6 ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ پنجاب کا ہتک عزت کا قانون آزادی صحافت کے لیے زہر قاتل ہے، حکومت اس وقت فرعون بنی ہوئی ہے، مذاکرات سے متعلق بیرسٹر گوہر علی بات کریں گے۔