صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ ، ایرانی میڈیا

ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی ورزقان کے علاقے میں کریش لینڈنگ ہوئی ہے۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر مشرقی آذربائیجان کے علاقے میں پرواز کر رہا تھا کہ ورزقان کے علاقے میں کریش لینڈنگ ہوگئی، تین ہیلی کاپٹروں کے قافلے میں سے دو ہیلی کاپٹر منزل پر پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹس میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع ہوگیا ہے، موسم خراب ہونے کے باعث کریش لینڈنگ کے مقام تک پہنچنے میں مشکلات ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر میں صدر اور وزیر خارجہ بھی سوار تھے جبکہ حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر میں سوار آیت اللہ الہاشم سے رابطہ ہوا تھا لیکن فون سگنلز نہ ہونے کے باعث دوبارہ رابطہ نہیں ہوسکا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے ہنگامی پریس کانفرنس میں صدر کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ کی تصدیق کی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ ہوئی ہے جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں روانہ ہوگئی ہیں لیکن موسم کی خرابی کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔