Solar Panel Scheme in Punjab

پنجاب میں 50 ہزار گھرانوں کو سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے

لاہور: پنجاب میں 50 ہزار گھروں کو ون کے وی کے سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کے زیرصدارت اجلاس میں اصولی منظوری دے دی گئی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایک کلو واٹ کے سولر سسٹم پر ٹیکنیکل امور پربریفنگ میں بتایا گیا کہ 100یونٹ تک بجلی خرچ کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین سولر سسٹم حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

ون کے وی سسٹم میں دو سولر پلیٹیں،بیٹری، انورٹراور تاریں دی جائیں گی۔ ون کے وی سولر سسٹم سے پنکھے، لائٹیں، چھوٹی موٹر وغیر چلائی جا سکے گی اور لیتھیم آئرن بیٹری کے ذریعے 16گھنٹے تک بیک اپ حاصل کیا جا سکے گا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے روشن گھرانہ پروگرام کے تحت فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل سولر سسٹم انسٹال کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے مختلف گھروں میں سولر سسٹم لگا کرافادیت کا جائزہ لینے کا حکم بھی جاری کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ گھریلو صارفین کیلیے سولر سسٹم کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا، روشن گھرانہ پروگرام کا مقصدغریب آدمی کو مہنگی بجلی سے نجات دلانا ہے۔

اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری،سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز انرجی،خزانہ،چیف ایگزیکٹو آفیسر پی پی ڈی سی ایل، منیجنگ ڈائریکٹر پی پی ڈی بی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔