قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 21 حلقوں میں ضمنی انتخابات، نتائج کا سلسلہ جاری

لاہور: ملک میں قومی اسمبلی کی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔

قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہی، الیکشن والے علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہے۔

این اے-119 لاہور سے موصول غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے مطابق 338 میں سے 302 پولنگ اسٹیشنز سے مسلم لیگ(ن) کے علی پرویز ملک نے 47 ہزار 766 ووٹ حاصل کیے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار شہزاد فاروق نے 28 ہزار 716 ووٹ حاصل کیے۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی-32 میں غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے کے تحت پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے بھتیجے 28 سالہ موسیٰ الہٰی نے حلقے میں ناقابل شکست رہنے والے 78 سالہ چوہدری پرویز الہٰی کو 42 ہزار 209 ووٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 کے 80 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے میر جہانزیب مینگل 26 ہزار 52 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں اور دوسرے نمبر جھالاوان عوامی پینل کے میرشفیق مینگل 12 ہزار 113 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔