اقوام متحدہ، فرانس اور برطانیہ کی اسرائیل پر حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ، فرانس اور برطانیہ نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملوں کی مذمت کی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے فریقین سے تحمل سے کام لینے اور فوری جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کیا جائے جس سے مشرق وسطیٰ میں بڑے فوجی تصادم کا خدشہ ہو۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر نے اسرائیل پر ایرانی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے بھی اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے خطے میں فوجی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سعودی عرب نے تمام فریقوں سے انتہائی حد تک تحمل کا مظاہرہ کرنے اور خطے اور اس کے لوگوں کو جنگوں کے خطرات سے بچانے کی اپیل کی ہے۔

علاوہ ازیں مصر نے بھی خطے اور اس کے لوگوں کو عدم استحکام اور تناؤ کے مزید عوامل سے بچانے کے لیے ’انتہائی تحمل‘ کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے.