کراچی میں اتوار کی صبح ہلکی بارش، موسم خوشگوار

کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں اتوار کی صبح بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی جس کے باہر موسم خوش گوار ہوگیا۔

محکمہ موسیات کے مطابق گلشنِ اقبال، محمد علی سوسائٹی، بہادرآباد، ڈیفنس ویو اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ شہر بھر میں مطلع ابر آلود اور موسم خوشگوار ہے۔

کراچی میں آج مغربی سسٹم کے زیر اثر ہلکی بارش ہوسکتی ہے جبکہ کہیں کہیں گرج چمک بھی ہوسکتی ہے تاہم غیرمعمولی بارش کا امکان نہیں ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

ریڈار کے تازہ ترین مشاہدات کے مطابق کراچی کے مغرب اور جنوب مغرب میں تیز بارش کے آثار دکھا رہے ہیں، سسٹم کے اثرات مشرق کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

موجود سیٹلائٹ مشاہدے کے تحت وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی/درمیانی بارش ہوسکتی ہے، بارش کا شروع ہونے والا سلسلہ شام تک جاری رہ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے اتوار کو شہر میں درمیانی شدت کی بارش اور آندھی کی پیش گوئی کی تھی جبکہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے ہفتے کو شہر کے مضافاتی علاقوں میں تھنڈر سیلز بننے کے سبب گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش اور آندھی چلنے کی پیش گوئی کی تھی تاہم شہر کے کسی مقام میں بارش رپورٹ نہیں ہوئی