کراچی: زخمی ڈاکو کو سرِعام گولیاں مارنے کی ویڈیو سامنے آ گئی

کراچی کے علاقے جنجال گوٹھ میں گزشتہ روز زخمی ڈاکو کو سرِ عام گولیاں مارنے کی فوٹیج سامنے آ گئی۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق 3 ڈاکو نوجوان سے موٹر سائیکل چھین رہے تھے، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے مطیع اللّٰہ نامی نوجوان کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ نے بتایا ہے کہ ڈاکو فرار ہو رہے تھے تو شہریوں نے انہیں پکڑنے کی کوشش کی، ڈاکوؤں نے عوام پر فائرنگ کی تو گولی لگنے سے ان کا اپنا ہی ایک ساتھی زخمی ہو گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ 2 ڈاکو زخمی ساتھی کو چھوڑ کر فرار ہو گئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق زخمی نوجوان مطیع اللّٰہ کے چچا جاوید نے زخمی ڈاکو پر فائرنگ کی۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کے مطابق جاوید کو بھتیجے پر فائرنگ کی اطلاع ملی تو اس نے طیش میں آ کر ڈاکو کو گولیاں ماریں، ویڈیو میں ڈاکو کو گولیاں مارنے والا جاوید پولیس کی حراست میں ہے۔

سہیل فیض کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت رضوان عرف چینگو کے نام سے ہوئی ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کا کہنا ہے کہ ڈاکو کو گولیاں مارنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور جاوید سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل انکوائری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کو کہا ہے۔