شمالی وزیرستان میں شہید افسران، جوان مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کو اسلام آباد، شہید کیپٹن محمد احمد بدر ضلع تلہ گنگ میں آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار صابر شہید، نائیک خورشید شہید، سپاہی ناصر شہید، سپاہی راجہ شہید، سپاہی ساجد شہید کو ان کے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا۔

نماز جنازہ میں شہدا کے اہل خانہ، عزیز و اقارب، پاک فوج کے افسران، عمائدین علاقہ اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک ہماری یہ جنگ جاری رہے گی۔