وزیراعظم سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات، دو طرفہ امور پر بات چیت

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی اور اس دوران علاقائی سلامتی، سرمایہ کاری اور حکومتی شراکت داری سمیت دو طرفہ امور پر بات چیت کی گئی۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سفیر ڈونلڈ بلوم نے آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دونوں کے درمیان علاقائی سلامتی پر بات چیت کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری، عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات، اقتصادی اصلاحات کے لیے امریکی حمایت، تجارت اور سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی صورت حال سمیت دو طرفہ امور پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کی جمہوریت اور آزاد پریس کے کلیدی کردار کے لیے امریکی حمایت کا اظہار کیا۔

ترجمان امریکی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کیا گیا کہ دونوں ممالک امریکا-پاکستان گرین الائنس فریم ورک کے تحت موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے کس طرح مل کر کام کر سکتے ہیں۔