Senate of Pakistan

سینیٹ ضمنی الیکشن: پیپلز پارٹی 4، ن لیگ اور جے یو آئی ایک ایک نشست پر کامیاب

اسلام آباد: سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی 4 جبکہ ن لیگ اور جے یو آئی ایک ایک نشست پر کامیاب ہوگئیں۔

اسلام آباد کی نشست پر حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی اپنی ہی خالی کی ہوئی نشست پر دوبارہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔

اسلام آباد کی ایک، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 نشستوں پر انتخاب ہوا۔

قومی اسمبلی میں مجموعی طور 301 ارکان اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیا۔ حکومتی اتحاد کے یوسف رضا گیلانی اسلام آباد کی نشست پر کامیاب قرار پائے۔ یوسف رضا گیلانی کو 204 اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88ووٹ ملے۔

سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی دو نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 124 ووٹ کاسٹ کئے گئے جن میں سے 123 ووٹ درست قرار پائے۔ پیپلز پارٹی کے دونوں امیدواروں نے میدان مار لیا۔ اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو کامیاب ہوگئے۔ سیف اللہ دھاریجو کو 58 اور اسلم ابڑو کو 57 ووٹ ملے۔

بلوچستان اسمبلی میں 65 ارکان کے ایوان میں سے 61 ووٹ کاسٹ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم نے ضمنی انتخاب سے لا تعلقی کا فیصلہ کیا ہے اور ایم کیو ایم کے ارکان سینیٹ کے انتخاب میں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔ جماعت اسلامی نے بھی بائیکاٹ کردیا ہے۔

نشستیں 6 سینیٹرز کے مستعفی ہونے پر خالی ہوئی ہیں۔ یوسف رضا گیلانی ، مولانا عبدالغفور حیدری، نثارکھوڑو ، جام مہتاب، پرنس احمدعمر اور سرفرازبگٹی سینیٹ سے مستعفی ہوئے ہیں۔

قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہے۔ سندھ کی نشستوں پر پیپلزپارٹی کےجام سیف اللہ دھاریجو اور محمد اسلم ابڑو کا سنی اتحاد کونسل کے نذیراللہ اور شازیہ سہیل سے مقابلہ ہے۔

بلوچستان کی تین نشستوں پر 9 امیدوار مد مقابل ہیں۔ پیپلز پارٹی نے عبدالقدوس بزنجو، طارق حسین بگٹی اور شکیل درانی کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔ ن لیگ نے میر دوستین ڈومکی ، جے یو آئی نے عبدالشکور غبیزئی ، بلوچستان عوامی پارٹی نے مبین خلجی اور کہدہ بابرکو مقابلے میں اتارا ہے۔ آزاد امیدوار حیربیار ڈومکی اور سید محمود شاہ بھی قسمت آزمائی کررہے ہیں۔

اسلام آباد کی نشست پر حکومتی اتحاد کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔ ریٹرننگ افسر نے گنتی مکمل ہونے پر نتائج کا اعلان کیا۔ حکمران اتحاد کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کو 204ووٹ ملے ان کے مقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان نے 88 ووٹ حاصل کیے۔

قومی اسمبلی کے ووٹرز کی تعداد 310 ہے جس میں سے 301 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی کے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے پر سینیٹ کی نشست خالی ہوئی تھی۔ یوسف رضا گیلانی اپنی ہی خالی کی گئی نشست پر دوبارہ سینیٹر بن گئے۔