قومی نصاب کے تحت 28 سال بعد نویں سے بارھویں تک نئے مضامین متعارف

کراچی: قومی نصاب کونسل کے تحت طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے وفاق کے بعد تمام صوبوں میں 28 سال بعد نویں سے بارھویں جماعت میں نئے مضامین متعارف کروا دیے گئے۔

قومی نصاب کونسل کی جانب سے اختیاری مضامین، ٹریڈ فار ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ایڈیشنل ٹیکنیکل مضامین اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے اور اب طلبہ جدید دور سے ہم آہنگ نئے مضامین پڑھ سکیں گے۔

ڈائریکٹر نیشنل کریکولم کونسل ڈاکٹر مریم چغتائی نے کہا کہ وفاق کے بعد اب تمام صوبوں یعنی سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی مرحلہ وار نوٹیفائی کیا جارہا ہے کہ نویں سے بارھویں جماعت کے اختیاری، ٹریڈ فار ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ٹیکنیکل مضامین یعنی مجموعی طور پر 83 مضامین اپڈیٹ کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ لازمی مضامین 2006 میں جبکہ اختیاری مضامین 1995 میں آخری مرتبہ اپڈیٹ ہوئے تھے، اسی لیے مضامین کو دور حاضر کے مطابق اپڈیٹ کرنا بہت ضروری تھا۔