National Assembly of Pakistan

شہباز شریف ملک کے نئے وزیراعظم منتخب

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کو پاکستان کا نیا وزیراعظم منتخب کرلیا۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ساتھ ہی نعرے بازی بھی ہونے لگی۔ سنی اتحاد کونسل اور ن لیگی اراکین آمنے سامنے آگئے، چور چور اور جعلی مینڈیٹ نہ منظور کے نعرے لگائے جارہے ہیں جس سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔

جے یو آئی ف نے قائد ایوان کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا ہے اور کوئی رکن ایوان میں موجود نہیں۔ اختر مینگل نے اجلاس میں شرکت کی لیکن کسی کو ووٹ نہیں دیا۔

نامزد وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ شہباز شریف کو 336 رکنی ایوان میں سے 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کو 90 سے زیادہ ووٹ ملنے کا امکان ہے۔

شہباز شریف کو مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق کی حمایت حاصل ہے۔

اُدھر پاکستان تحریک انصاف کو سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کی کامیابی کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی کی حمایت حاصل ہے۔

قائد ایوان کےلیے سادہ اکثریت حاصل کرنا لازمی ہے۔ 336 کے ایوان میں 169 ووٹ لینے والے کو نیا وزیراعظم پاکستان قرار دیا جائے گا۔