National Assembly of Pakistan

وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس، شدید نعرے بازی

اسلام آباد: وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی اجلاس میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ نئے وزیراعظم کے لیے ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے درمیان مقابلہ ہے۔

اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے جس کے ساتھ ہی نعرے بازی بھی ہونے لگی۔ سنی اتحاد کونسل اور ن لیگی اراکین آمنے سامنے آگئے۔

چور چور اور جعلی مینڈیٹ نہ منظور کے نعرے لگائے جارہے ہیں جس سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔

نامزد وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ شہباز شریف کو 336 رکنی ایوان میں سے 209 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کو 90 سے زیادہ ووٹ ملنے کا امکان ہے۔

ووٹنگ مکمل ہونے پر اسپیکر قومی اسمبلی کی موجودگی میں گنتی ہوگی اور گنتی مکمل ہونے پر اسپیکر نئے وزیراعظم کا اعلان کریں گے۔

شہباز شریف کو مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق کی حمایت حاصل ہے۔

اُدھر پاکستان تحریک انصاف نے بھی سنی اتحاد کونسل کے امیدوار کی کامیابی کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی، جمعیت علما اسلام سے حمایت مانگی ہے تاہم جے یو آئی نے ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

قائد ایوان کےلیے سادہ اکثریت حاصل کرنا لازمی ہے۔ 336 کے ایوان میں 169 ووٹ لینے والے کو نیا وزیراعظم پاکستان قرار دیا جائے گا۔