کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سے ہلکی اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، ملیر، ٹاور، صدر، اولڈ سٹی ایریا، فیڈرل بی ایریا اور سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر، شارع فیصل، ڈی ایچ اے اور گلشن اقبال میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث ٹریفک کا نظام معطل اور اپنے دفاتر اور کاموں پر سے گھر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ملیر کینٹ، ماڈل کالونی، ایئرپورٹ روڈ، ملیر ہالٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اعدادوشمار جاری کر دیے جس کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

کیماڑی میں 5، قائد آباد میں 4، کورنگی میں 2، اورنگی میں 4.8 ملی میٹر بارش ہوئی، سعدی ٹاون میں 2، ڈی ایچ اے،جناح ٹرمینل اور اولڈ ائیر پورٹ ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کےعلاوہ پی اے ایف میوزیم پر 2.5، میٹ آفس میں 1.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب کینٹ اسٹیشن کے مرکزی دروازے پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس کے باعث اسٹیشن آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کینٹ اسٹیشن پر انتظامیہ کی جانب سے پانی کی نکاسی کے کوئی انتظامات نہیں کیے جاسکے ہیں۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج دوپہر سے رات تک تیز بارش کے چار اسپیل کی پیش گوئی کی تھی۔

ممکنہ خراب موسم کے پیش نظر سندھ بھر میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں یکم مارچ کو پورا دن رات گئے تک معتدل اور تیز بارش ہوگی۔

انہوں نے یکم مارچ سے آئندہ 3 سے 4 روز تک شہر کا درجہ حرارت بھی گرنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم آج سندھ میں داخل ہوگا، سسٹم کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزید کہا تھا کہ دن میں ہلکی جبکہ شام میں تیز بارش ہوگی، صبح سے مطلع جزوی ابر آلود ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔