کراچی میں طوفانی بارش کی پیشگوئی، مختلف علاقوں میں بادل برسنا شروع

کراچی: شہر میں آج گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیش گوئی ہے جب کہ مختلف علاقوں میں بارش شروع ہو گئی ہے۔

جمعہ کے روز کراچی میں مغربی سسٹم کے اثرات کے سبب مطلع صبح ہی سے جزوی ابر آلود ہے اور بلدیہ ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، صدر، کراچی ائرپورٹ، کلفٹن، گلشن معمار سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا آغاز ہوگیا ہے۔

غیر سرکاری ذرائع کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم اس وقت اپنی پوری شدت کے ساتھ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں موسلادھار بارش برسا رہا ہے اور آہستہ آہستہ یہ سندھ کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ 11-12 بجے کے دوران یہ شہر قائد پر اثر انداز ہوگا اور بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے اور دوپہر سے لے کر شام/رات تک اس سسٹم کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں درمیانی سے تیز بارش متوقع ہے اور اس دوران گرج چمک کی شدت بھی زیادہ ہوگی۔

شہر میں بلوچ کالونی سمیت دیگر کچھ علاقوں کی سڑکوں پر موٹر سائیکل سوار پھسل کر گرنے سے زخمی ہو گئے۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آج دوپہر سے بارش کے چار اسپیل کی پیشگوئی کے بعد شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل بھی کردی ہے جب کہ کنٹونمنٹ ہیڈکوارٹر میں بھی ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی میں ممکنہ آندھی اور طوفانی بارشوں کے پیش نظر انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ اس حوالے سے جاری کردہ الرٹ کے تسلسل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عملہ 24 گھنٹے متحرک رہے گا ۔ فنل ایریا(طیاروں کی ٹیک آف و لینڈنگ کےمقام )پر اضافی برڈ شوٹرز تعینات کردیے گئے ہیں۔

شہر میں آج بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر حکومت سندھ نے سرکاری، خود مختار و نیم خودمختاروں اداروں میں نصف دن کی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم مارچ کو مذکورہ بالا نوعیت کے تمام دفاتر کے اوقات کار دوپہر 2 بجے تک ہوں گے جبکہ نوٹیفکیشن کا اطلاق نجی شعبے کے اداروں پر بھی ہوگا۔

علاوہ ازیں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے شام کی شفٹ کےا سکولوں کی تعطیل کا بھی اعلان کیا ہے۔محکمہ تعلیم کی جانب سے شام کی شفٹ میں چلنےو الے نجی و سرکاری اسکولوں میں جمعے کی تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔