PTI Flag

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہوگیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ انٹراپارٹی انتخابات کےلیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا وقت آج سہ پہر تین بجے تک تھا۔

اس میں کہا گیا کہ امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے انٹراپارٹی انتخابات کےلیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

امیدوار برائے مرکزی سیکریٹری جنرل عمر ایوب کی قیادت میں 15 رکنی پینل کے کاغذاتِ نامزدگی بھی جمع ہوگئے۔

سندھ سے اشرف قریشی، بلوچستان سے محمد اسلم کے چیئرمین کے عہدے کےلیے کاغذاتِ نامزدگی جمع ہوئے۔

خیبر پختونخوا سے نوید انجم نے بھی چیئرمین کے عہدے کےلیے کاغذاتِ نامزدگی داخل کروا دیے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد، محمد خان مدنی اور اسد حنیف کے پنجاب کی صوبائی تنظیم کےلیے پینلز کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کیے گئے۔

سندھ کی تنظیم کےلیے حلیم عادل شیخ سمیت دو پینلز کے کاغذاتِ نامزدگی موصول ہوئے۔

بلوچستان سے مینر بلوچ کے علاوہ 5 دیگر افراد نے اپنے پینلز کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کروادیے۔

علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبر پختونخوا کی تنظیم کےلیے پینل کے کاغذاتِ نامزدگی بھی موصول ہوئے۔

ملک بھر میں پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات 3 مارچ کو منعقد ہوں گے۔