Sindh Assembly

سندھ اسمبلی اجلاس؛ نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری

کراچی: سندھ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

اسپیکر آغا سراج درانی کی زیرِ صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے اسپیکر کے لیے سید اویس شاہ نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے نوید انتھونی امیدوار ہیں۔

ایم کیو ایم کی طرف سے اسپیکر کے لیے صوفیہ سعید شاہ اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے راشد خان میدان میں ہیں۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی کے آزاد ارکان ووٹنگ میں حصہ نہیں لے رہے اور انہوں نے انتخاب کا بائیکاٹ کردیا۔ پی ٹی آئی کے آزاد ارکان نے نام پکارنے پر ووٹ کاسٹ نہیں کیے۔

آج تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 9 آزاد اراکین سندھ اسمبلی نے بھی رکنیت کا حلف اٹھا لیا، جس کے نتیجے میں حلف اٹھانے والے ارکان کی مجموعی تعداد 157 ہوگئی۔ جماعت اسلامی کے رکن محمد فاروق نے بھی رکنیت کا حلف اٹھا لیا جبکہ جی ڈی اے کے 3 اراکین آج بھی غیر حاضر ہیں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج دُرانی نے پینل آف چیئرمین کے ناموں کا اعلان کیا۔ شرجیل میمن، سعید غنی، علی خورشیدی اور ندا کھوڑو پینل آف چیئرمین کے ممبرز ہیں۔

114 ارکان کے ساتھ پیپلز پارٹی سندھ کی سب سے بڑی اور 36 نشستوں کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان دوسری بڑی جماعت ہے۔ جی ڈی اے کے 3، جماعتِ اسلامی 1 اور آزاد ارکان کی تعداد 9 ہے۔