JUI F

تیر اور شیر کے درمیان یہ شادی تیسری قوت نے زبردستی کروائی ہے: حافظ حمداللّٰہ

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمداللّٰہ نے کہا ہے کہ تیر اور شیر کے درمیان یہ شادی بالجبر ہے تیسری قوت نے زبردستی کروائی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے پوچھ لیں وہ اس سیاسی شادی پر خوش نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کا پیغام واضح ہے فی الحال تو پارلیمنٹ جائیں گے، پارلیمنٹ میں بھی اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے باہر بھی سسٹم کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

حافظ حمداللّٰہ کا کہنا ہے کہ معاہدہ تو یہ ہونا تھا کہ بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کیسے کریں گے، وہاں بدقسمتی سے اقتدار اور کرسیوں کی تقسیم کی بات کی جا رہی تھی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے پاور شیئرنگ کی، عوام کے لیے ایک لفظ نہیں تھا۔

جمعیت علمائے اسلام کے رہنما نے کہا کہ جے یو آئی ف اس قسم کی حکومت کا حصہ نہ بنتی ہے اور نہ بنے گی، جو حکومت انہوں نے بنائی ہے یہ صرف اقتدار کے لیے ہے، قوم کی ترقی کے لیے نہیں۔