MQM PAKISTAN

وفاق میں شمولیت کیلئے ایم کیو ایم نے تین مطالبات ن لیگ کے سامنے رکھ دیے

وفاقی حکومت میں شمولیت کےلیےمتحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے 3 مطالبات سامنے آگئے۔ متحدہ نے اپنے مطالبات مسلم لیگ (ن) کے سامنے رکھ دیے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت کا حصہ بننے سے قبل ن لیگی قیادت کے سامنے اپنے مطالبات رکھے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے 3 مطالبات قانون سازی سے متعلق ہیں جبکہ دیگر کی نوعیت سیاسی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے ن لیگی قیادت کے سامنے اپنا پہلا مطالبہ رکھا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کی رقم صوبوں کے بجائے مقامی حکومتوں کو براہ راست دی جائے۔

متحدہ قیادت کا دوسرا مطالبہ ہے کہ مقامی حکومتوں کا تسلسل ہو، جہاں ایسا نہ ہو وہاں عام انتخابات کو روکا جائے۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے سامنے تیسرا مطالبہ رکھا گیا کہ کوٹہ سسٹم پر ملک بھر میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ان تینوں معاملات پر قانونی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے سندھ کےلیے گورنرشپ اور وزارتوں سے متعلق بھی مطالبات ن لیگ کے سامنے رکھے ہیں۔

ن لیگ نے متحدہ قیادت کو جواب دیا ہے کہ پیپلز پارٹی سے مذاکرات کی کامیابی پر ان مطالبات پر فیصلہ ہو سکے گا۔