PTI Flag

بشریٰ بی بی دوران قید زہریلا کھانے دیے جانے کی وجہ سے شدید تکلیف میں ہیں، پی ٹی آئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو دوران قید مبینہ طور پر زہرآلود کھانا دیے جانے کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتےہوئے کہا ہے کہ وہ گزشتہ 6 روز سے شدید تکلیف میں ہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پارٹی ترجمان نے کہا کہ پارٹی کو بشریٰ بی بی کی زندگی کو دوران قید لاحق سنگین خطرات پر گہری تشویش ہے، ایک بے بنیاد مقدمے میں ناحق قید سابق خاتون اول بشریٰ بی بی زہریلا کھانا دیے جانے کے باعث گزشتہ 6 روز سے شدید تکلیف میں مبتلا ہیں

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو ان کا آئینی حق سلب کرتے ہوئے طبی معائنے کی اجازت نہ دے کر ان کی صحت اور زندگی کو سنگین خطرات لاحق کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو نقصان پہنچانے کے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آئین اور جیل قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے باوجود ان کو بنی گالا سب جیل میں قید تنہائی میں رکھنا بانی چئیرمین عمران خان کے حوصلے پست کرنے کی ایک انتہائی شرم ناک اور مذموم کوشش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عمران خان کو جھکانے کےتمام غیرآئینی، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی حربوں کی ناکامی کے بعد مشکل وقت میں ان کا ساتھ دینے والی نیک اور باپردہ خاتون کو نشانہ بنانا اس فرسودہ نظام کی بوسیدگی کو مزید عیاں کرتا ہے۔

حکام کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کی ذمہ داری جیل حکام اور نگران حکومت پر عائد ہو گی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی کا جلد سے جلد ان کے فیملی معالج سے طبی معائنہ کر وایا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ عدالت بشریٰ بی بی کی جیل منتقلی کی درخواست پر فوری سماعت کرتے ہوئے ان کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کرے اور جیل حکام سابق خاتون اول کو معیاری کھانے کی فراہمی اور ان کی صحت اور زندگی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائیں۔