Chaman Protest Against Passport

چمن: پاسپورٹ کی شرط کیخلاف دھرنا، پولیس آپریشن میں متعدد افراد گرفتار

کوئٹہ / چمن: سفر کے لیے پاسپورٹ کی شرط پر چمن میں دھرنا مظاہرین کے خلاف پولیس نے آپریشن کرکے دھرنا ترجمان صادق اچکزئی سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان کے مطابق چمن میں قانون ہاتھ میں لینے اور پاسپورٹ آفس بلاک کرنے پر مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس نے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملزمان کو گرفتار کیا۔

جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو گزشتہ چند ماہ سے پرامن احتجاج کرنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن پاسپورٹ آفس کو بلاک کرنے اور اشتعال انگیز عمل کے بعد پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔

نگراں وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ حکومتی دستاویز یعنی سفر کے لیے پاسپورٹ کی شرط ریاست کا فیصلہ ہے اور پاسپورٹ کی شرط کے نفاذ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار افراد کو ایف سی قلعہ منتقل کر دیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے آپریشن کے خلاف چمن پرلت کمیٹی کے جانب سے شہر میں مکمل شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔