Jamat e Islami PTI

مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت بنائیگی: عمر ایوب

پاکستان تحریکِ انصاف کے سیکریٹری جنرل و نامزد وزیرِ اعظم عمر ایوب کا کہنا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔

اسلام آباد میں بیرسٹر گوہر خان کے ہمراہ پریس کانفرس کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کے رہنما عمر ایوب نے دھاندلی اور انتخابی نتائج میں تبدیلی کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تحریکِ انصاف کو 3 کروڑ سے زائد ووٹ ملے اور ایم کیو ایم نے کراچی میں ہماری 18 سیٹیں چرائی ہیں۔

عمر ایوب کا کہنا ہے کہ آج بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں کو لاپتہ کیا جا رہا ہے، جعلی فارم 45 کو مسترد کیا جائے، کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ 50 سے 60 ہزار جعلی ٹھپے لگائے، جیتے ہوئے امیدوار کو ہرایا۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف کی گئی دھاندلی کو مدر آف آل رگنگ ڈیکلیئر کرتے ہیں، جو کچھ عوام کے ووٹ کے ساتھ ہو رہا ہے وہ مدر آف رگنگ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جن جن کا نام کمشنر راولپنڈی نے لیا وہ انکوائری سے الگ ہو جائیں، پشاور کی صوبائی اسمبلی کی7 سے 8 نشستیں کمشنر نے ہروائیں۔