PTI Flag

پی ٹی آئی کو حکومت بنانے دیں لوگ 3 ماہ میں خود انکا گریبان پکڑیں گے، فیصل واؤڈا

اسلام آباد: سابق سینیٹر اور معروف سیاست دان فیصل واؤڈا نے کہا ہے کہ مجھے کچھ ماہ میں ساری جماعتوں کی سیاسی قیادت کنٹینر کے اوپر یا اندر نظر آرہی ہے، پی ٹی آئی کو وفاق میں حکومت بنانے دیں تین ماہ میں خود لوگ گریبان پکڑیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے ایک بار پھر کہا کہ عدالتی نظام کو ٹھیک کردیں تو ملک کے بہت سارے مسائل حل ہوجائیں گے اور عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔

انہوں نے ملک بھر میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جاری احتجاج کے سوال پر کہا کہ ’دھاندلی کے خلاف احتجاج کرلیں تاہم اگر کوئی بھی جماعت یا کسی شخص نے نو مئی کی طرف زرا بھی قدم بڑھایا تو پھر اُس کی حلق سے آواز آئے گی۔

فیصل واؤڈا نے کہا کہ ’میرے خیال میں جنہوں نے 9 مئی کو نعرہ لگایا انہیں عام عدالت جبکہ آگ لگانے والوں کو فوج سزا دے، علی امین گنڈا پور کی نامزدگی سے بظاہر لگتا ہے کہ عمران خان چیزیں ٹھیک کرنے کے موڈ میں نہیں کیونکہ گنڈا پور نو موئی کے مقدمات میں مطلوب تھے، اگر وہ وزیر اعلیٰ بن سکتے ہیں تو تو پھر سب کو اجازت دے دی جائے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی نامزدگی اس بات کا واضح پیغام ہے کہ ہم اپنے مفادات کیلیے کسی بھی حد تک جائیں گے اور خدا نخواستہ ملک کو تباہ کردیں گے۔ اگر وزیراعلیٰ بننے کے بعد علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو تصادم ہوگا اور لاشیں گریں گی۔

انہوں نے جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر کہا کہ ’مولانا صاحب ناراض اور غصہ ہوکر لائن سے باہر چلے گئے ہیں مگر ان کا دل بچوں والا ہے اور وہ مان جائیں گے‘۔

فیصل واؤڈا کا کہنا تھا کہ آج مولانا کا عمران خان کیلیے اپنایا گیا یہودی بیانیہ، خواتین اور ڈانس وغیرہ کا بیانیہ تبدیل ہوگیا ہے جبکہ مولانا صاحب اب عمران خان کیلیے ڈیزل سے پیٹرول بن گئے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ’ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی نفرت کیوجہ سے پی ٹی آئی کو لوگوں نے ووٹ دیے‘۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ نئی حکومت آنے کے بعد مہنگائی اور بے روزگاری مزید بڑھے گی۔

انہوں نے اس اتحاد کو بے شرمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاست اگر بے شرمی اور بے حیائی ہے تو پھر نواز شریف اور زداری سے معافی مانگنی چاہیے۔

فیصل واؤڈا نے کہا کہ ’عمران خان تو فوج اور عدلیہ کا احترام کرتے تھے، آج پی ٹی آئی کو دیکھ کر سوچتا ہوں کہ میرے 15 سال ضائع ہوگئے، ہم نے اس پارٹی کو خون اور پسینہ دیا‘۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی تب بھی اُسے وفاق میں حکومت دے دیں، تین ماہ میں لوگ خود ان کا گریبان پکڑیں گے، یہ قوم جتنی جلدی سر پر بیٹھاتی ہے اتنی ہی جلدی زمین پر بھی لے آتی ہے۔