PTI

کمشنر راولپنڈی نے بہت بڑا قدم لیا ہے، خراج تحسین پیش کرتے ہیں، علی محمد خان

تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ کمشنر راولپنڈی نے بہت بڑا قدم لیا ہے، خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ جب حق آتا ہے تو باطل مٹ جاتا ہے، آج حق سامنے آرہا ہے، کمشنر نے یہ تاثر غلط ثابت کیا کہ بیوروکریسی میں کوئی دم نہیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ حق پرست لوگ موجود ہیں، آپ ایک وقت تک کسی کو دبا سکتے ہیں، ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا، فارم 45 کچھ اور 47 کچھ اور کہانی سنا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جہاں ان کا بس چلا انہوں نے سیٹیں چرائی ہیں، ہمارا مطالبہ بہت سادہ ہے چیف جسٹس ازخود نوٹس لیں، الیکشن کمیشن اپنی غلطی درست کرے، ہمیں ہمارا مینڈیٹ واپس دے۔

علی محمد خان نے کہا کہ ہماری 170 سے زیادہ سیٹیں بنتی ہیں، ہمارا مینڈیٹ واپس دیا جائے، محسن نقوی پر ہمیں اعتماد نہیں ان کے نیچے تو یہ سب کچھ ہوا ہے۔