Court Order

بشری بی بی نے توشہ خانہ اور نکاح کیسز کے فیصلے چیلنج کردیے

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے توشہ خانہ اور نکاح کیسز کے فیصلے چیلنج کردیے۔

بشری بی بی نے توشہ خانہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی جس میں ریاست اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔

انہوں نے احتساب عدالت کا 31 جنوری کا آرڈر کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے تعصب پر مبنی تفتیش کی اور سیاسی مخالفین کی ہدایت پر بدنیتی پر مبنی جھوٹا اور جعلی ریفرنس دائر کیا ، فرد جرم بھی درست انداز میں قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں عائد کی گئی۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے انہیں 14 سال قید بامشقت اور 787 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

علاوہ ازیں بشریٰ بی بی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عدت میں نکاح کیس کا فیصلہ بھی چیلنج کردیا۔

انہوں نے سزا کیخلاف اسلام آباد کی سیشن کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے استدعا کی کہ نکاح کیس کا فیصلہ غیر قانونی، غیر اسلامی، غیر شرعی اور انصاف کے برخلاف ہے، ٹرائل کورٹ کا تین فروری کو سنایا گیا سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ عدالت نے بشری بی بی کو سات سال قید کا حکم دیا ہے۔