الیکشن 2024: مختلف حلقوں میں جھگڑے، تشدد، فائرنگ سے متعدد افراد زخمی

عام انتخابات کے موقع پر ملک کے مختلف حلقوں میں جھگڑے، تشدد، فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے اور کچھ حلقوں میں پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔

کراچی کے حلقے این اے 229 کے پولنگ اسٹیشن پپری سچل سرمست اسکول میں جهگڑا ہو گیا جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔

حیدرآباد میں این اے 220 میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم، پتھراؤ اور فائرنگ ہوئی ہے، پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل رک گیا، پولیس اور رینجرز پہنچ گئی۔

کوٹ ادو کی تحصیل چوک سرور شہید میں دو امیدواروں کے حامیوں میں جھگڑا ہوا، فائرنگ اور ڈنڈے لگنے سے 15 افرد ازخمی ہو گئے اور پولنگ روک دی گئی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں نشتر اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے، لڑائی آزاد امیدوار مرتضیٰ رحیم کھر اور لیگی امیدوار امجد عباس چانڈیہ کے حامیوں میں ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او سید حسنین حیدر اور رینجرز اہلکار موقع پر پہنچ گئے، معاملہ ووٹوں سے متعلق تلخ کلامی کے باعث پیش آیا۔

چکوال کے حلقے این اے 59 کے پولنگ اسٹیشن اکوال کے باہر سیاسی جماعت کے کیمپ پر دو گروپوں میں فائرنگ ہوئی جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل روک دیا جبکہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر چکوال کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تلہ گنگ پولنگ اسٹیشن نمبر 163 سے 400 میٹر دور ہوا، پولنگ کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دو افراد کی ذاتی دشمنی کے باعث فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ کا پولنگ کے عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

گوجرانوالہ میں حلقہ 79 این اے گورنمنٹ ہائی اسکول واہنڈو پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں ن لیگ کا ایک کارکن زخمی ہوگیا۔

نصیرآباد کے حلقے پی بی 13 میں پولنگ اسٹیشن جاگن خان عمرانی میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں جھگڑا ہوا، جھگڑے کے دوران فائرنگ میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔

لکی مروت کے حلقے این اے 41 شاہ حسن خیل کے میرولی پولنگ اسٹیشن میں تصادم ہوا ہے، جھگڑا دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تصادم کے باعث پولنگ روک دی گئی۔

صادق آباد چک نمبر 171کے پولنگ اسٹیشن پر دو سیاسی جماعتوں میں جھگڑا ہو گیا، جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے 5 افراد زخمی ہوئے۔

الیکشن کمشنر پنجاب نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ صادق آباد چک نمبر 171کے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے، صادق آباد میں کارکنان میں جھگڑا پولنگ اسٹیشن کے باہر ہوا، پولنگ کا عمل جھگڑے سے رکا نہیں بلکہ پولنگ اسٹیشن کے اندر جاری رہا۔

ملتان کے حلقے این اے 149 میں کریم ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پر آزاد امیدور اور سیاسی جماعت کے حامیوں میں کے درمیان جھگڑا ہوا، کارکنوں نے ایک دوسرے پر تھپڑوں اور گھونسوں کی بارش کر دی۔

جھگڑا ووٹ کی پرچی کٹوانے کے تنازع پر ہوا، کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے اور پولیس طلب کر لی گئی۔

پاکستان میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری
پاکستان میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے، پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملے نے ذمے داریاں سنبھال لیں، پولنگ ایجنٹس کو خالی بیلٹ باکس دکھا کر سیل کر دیے گئے، ووٹرز پولنگ اسٹیشن پہنچنا شروع ہوگئے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔