MQM Pakistan

ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے ووٹ کاسٹ کر دیے

کراچی کے حلقے این اے 238 میں ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

فاروق ستار نے اپنا ووٹ نیشنل اسکولنگ پولنگ اسٹیشن میں کاسٹ کیا۔

این اے 232 سے ایم کیو ایم امیدوار آسیہ اسحاق نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے لیے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

آسیہ اسحاق نے آئی ایم اے اسکول ماڈل کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا۔

واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت کا آغاز ہوگیا ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

آج 12 کروڑ پچاسی لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔

اس مرتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے لیے 6710، خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 1834، بلوچستان اسمبلی سے 1237 اور سندھ اسمبلی کے لیے 2878 امیدوار مقابلے میں ہیں۔

عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔