عام انتخابات؛ ڈی جی رینجرز کا کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ

کراچی: ڈی جی رینجرز سندھ نے عام انتخابات کے تناظر میں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

شہر قائد کی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے سوک سینٹر،کارساز، ڈرگ روڈ ، مزار قائد،داؤد چورنگی، انڈس چورنگی، کورنگی ، قیوم آباد ، نرسری ، لسبیلہ ،گولیمار، بورڈآفس ، نارتھ ناظم آباد، سخی حسن ،ناگن چورنگی، سہراب گوٹھ، گڈاپ، ملیر ہالٹ اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر علاقہ سیکٹر کمانڈر ز نے ڈی جی رینجرز کو بریفنگ دی۔

ڈی جی رینجرز سندھ نےانتہائی حساس پولنگ اسٹیشنزسے ملحقہ علاقوں میں سکیورٹی کاخصوصی جائزہ لیا اور انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کیے۔

اس موقع پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے کہا کہ سندھ رینجرز کے کوئیک رسپانس دستے پاک آرمی،پولیس اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کرکسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے قواعدو ضوابط پر عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔